نئی دہلی 8/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) دہلی میں ووٹنگ سے ٹھیک پہلے ماڈل ٹاؤن سے عام آدمی پارٹی (عآپ) رکن اسمبلی اور امیدوار اکھلیش پتی ترپاٹھی پر حملہ کئے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس تعلق سے عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے رکن اسمبلی اکھلیش پتی ترپاٹھی پر بی جے پی کے غنڈوں نے حملہ کیا ہے اور پولس کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اس واقعہ کا نوٹس لے کر غنڈوں کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔
پولس کا کہنا ہے کہ عاپ امیدوار پر کس نے حملہ کیا، اس سلسلے میں فی الحال کوئی تصدیق نہیں ہو پائی ہے اور پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اس واقعہ کے بعد ماڈل ٹاؤن اسمبلی حلقہ میں گہما گہمی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے اور لوگوں کے درمیان چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ماڈل ٹاؤن اسمبلی حلقہ سے بی جے پی نے کپل مشرا کو امیدوار بنایا ہے جب کہ کانگریس کی طرف سے آکانکشا اولا امیدوار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے مطابق اکھلیش پتی ترپاٹھی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ڈاکٹروں نے انھیں خطرے سے باہر بتایا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ اب ٹھیک ہیں لیکن کچھ وقت تک وہ ڈاکٹروں کی دیکھ ریکھ میں رہیں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں آج شام یا کل صبح تک اسپتال سے چھٹی مل جائے گی۔
بہر حال، دہلی اسمبلی الیکشن کی 70 سیٹوں پر صبح 8 بجے سے ووٹنگ جاری ہے۔ شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ ووٹنگ کے لیے 2688 ووٹنگ مقامات پر 13750 ووٹنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔ ووٹنگ کے لیے 20385 ای وی ایم مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ الیکشن میں 1.47 کروڑ سے زیادہ ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ 70 اسمبلی سیٹوں پر 672 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ دہلی اسمبلی انتخاب (6 فروری 2015) میں بھی اکھلیش پتی ترپاٹھی پر حملہ ہوا تھا۔ اس وقت ان کی ایسی پٹائی ہوئی تھی کہ اسپتال میں داخل کرانا پڑا تھا۔ واقعہ کے بعد وہ بیہوش ہو گئے تھے اور کافی چوٹیں بھی آئی تھیں۔ ساتھ ہی حملے میں پارٹی کے تین کارکنان بھی زخمی ہوئے تھے۔ اس وقت عآپ نے دعویٰ کیا تھا کہ اسمبلی حلقہ کے جے جے کلسٹر علاقے میں شراب تقسیم کی جا رہی تھی اور اکھلیش نے اس کی مخالفت کی تھی جس کے بعد پٹائی کر دی گئی۔